دورہ ہندوستان کے بعد، عبداللہ عبداللہ کا بیان
اعلی افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے اپنے چار روزہ دورہ ہندوستان کو کافی مفید اور کامیاب قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اعلی افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے اپنے چار روزہ دورہ نئی دہلی کے اختتام پر ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ان کا یہ دورہ کافی کامیاب رہا۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ نئی دہلی میں اپنے پرتپاک خیرمقدم پر ہندوستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ افغانستان میں امن کے عمل میں تعاون پر ہندوستان اور اپنے سبھی پڑوسی ملکوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے عمل کو کامیاب بنانے کے لئے علاقائی ملکوں کا تعاون اور اتفاق رائے ضروری ہے۔
اعلی افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ انھوں نے اپنے دورہ نئی دہلی میں ہندوستان کے وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر سمیت اہم عہدیداروں سے ملاقات اور مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ۔
انھوں نے اپنے بیان میں افغانستان میں ہندوستان کے تیس ملین ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں پر ہندوستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کے سبھی چونتیس صوبوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔