نو منتخب امریکی حکومت سے کوئی توقع نہیں: افغان سیاستداں
افغان سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ نئے امریکی صدر جو بائیڈن ماضی کی غلطیوں سے پرہیز کریں اور افغان عوام کو امن مذاکرات کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔
افغان ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی حزب وحدت اسلامی کے سربراہ محمد محقق نے کہا کہ امریکہ کے مستقبل کے صدر جوبائیڈن کو افغان امن مذاکرات کے عمل میں سماجی اقدار، خواتین اور دیگر طبقات اور انسانی حقوق کی اقدار کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے اور عوام کو امن کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے۔
اعلی امن کونسل کے سابق سربراہ عبدالحکیم مجاہد نے بھی کہا ہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر کو باہمی احترام اور دونوں فریقوں کے مفادات کے تناظر میں افغانستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں کئے گئے وعدوں پر عمل کرنا چاہئے۔
فرانس میں افغانستان کے سابق سفیر عمر صمد نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابھی پوری طرح واضح نہیں ہوا ہے کہ افغانستان کے بارے میں جوبائیڈن کی پالیسی کیسی ہوگی لیکن کابل کے سلسلے میں واشنگٹن کے رویّے میں کوئی خاص تبدیلی کی توقع نہیں کرنا چاہئے۔
اس سے قبل افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا تھا کہ افغان امن کے عمل پر امریکی انتخابات کے نتائج کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔