کابل پر دسیوں راکٹ فائر، متعدد جاں بحق و زخمی
افغانستان کے دارالحکومت کابل پر ہونے والے راکٹ حملے میں کم سے کم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔
افغان نیوز ایجنسی آوا پریس نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہر کابل پر آج کم سے کم تئیس راکٹ فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں اب تک آٹھ افراد جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ایک راکٹ کابل میں ایرانی سفارت خانے کے احاطے میں بھی گرا ہے۔ راکٹ پھٹنے سے ایرانی سفارت خانے کی عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اب تک کسی شخص یا گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے ساتھ جاری افغان حکومت کے لاحاصل امن مذاکرات کے بعد سے شہر کابل میں اب تک کئی دہشتگردانہ حملے کئے جا چکے ہیں جس کے نتیجے میں سیکڑوں جاں بحق و زخمی ہو چکے ہیں۔