Nov ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۴ Asia/Tehran
  • کشیدگی کے درمیان اردوغان اور شاہ سلمان کے درمیان گفتگو

ترک صدر رجب طیب اردوغان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ٹیلیفونی گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی عرب کے مخالف صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ٹیلی فونک گفتگو ریاض میں جی- 20 سربراہ اجلاس سے چند گھنٹے قبل ہوئی۔

ترک صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رجب طیب اردوغان اور سعودی فرمانروا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور جی- 20 اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ رجب طیب اردوغان اور شاہ سلمان نے باہمی تعلقات کے فروغ اور مسائل کے تصفیہ کے لیے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی میزبانی میں جی-20 کا ورچوئل سربراہی اجلاس دارالحکومت ریاض میں جاری ہے اور رجب طیب اردوغان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ 2018 میں "واشنگٹن پوسٹ" کے کالم نگار اور سعودی عرب کے مخالف صحافی جمال خاشقجی کے استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

اس واقعے کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اس قتل کا مجرم قرار دیا جا رہا ہے۔ جمال خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں گلا گھونٹ کر مارا گیا تھا اور اس کے بعد 15 رکنی سعودی اسکواڈ نے ان کی لاش کے ٹکڑے کر دیے تھے، جو آج تک نہیں ملے۔

ٹیگس