Nov ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۹ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کو سیکڑوں میزائلوں اور ڈرون حملوں کا خوف ستانے لگا

سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو یمنی فوج کے سیکڑوں میزائلوں اور ڈرون حملوں کا سامنا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان عبد اللہ آل سعود نے جمعے کے روز اسلامی تعاون تنظیم کے 46ویں اجلاس میں یمنی فوج اور رضاکار فورس کے میزائل اور ڈرون حملوں کے موضوع پر گفتگو کی۔

العربیہ چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اس اجلاس میں عالم اسلام میں دہشت گردی سے مقابلے کے موضوع پر گفتگو کرنے کے بعد کہا کہ سعودی عرب کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کا سامنا ہے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا بیان سعودی عرب کے جدہ شہر پر اس ملک کی تیل کی تنصیبات پر یمنی فوج کے میزائل حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس کا اعتراف سعودی عرب کی توانائی کی وزارت نے یمنی فوج کی جانب سے اعلان کے پندرہ گھنٹے بعد کیا تھا اور کہا تھا کہ سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن سعودی عرب کی جارحیت اور یمن کے جاری محاصرے کے جواب میں کیا گیا ہے۔

یمن کا کہنا ہے کہ جب تک سعودی اتحاد یمن کے خلاف جارحیت کا سلسلہ بند نہیں کرتا اور یمن کا محاصرہ ختم نہیں کرتا، تب تک اس کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ٹیگس