Dec ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کی ملاقات، امن عمل پر تبادلۂ خیال ہوا

افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان ایک بار پھر ملاقات ہوئی جس میں امن عمل کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آریا نیوز کے مطابق جمعرات کے روز ایوان صدارت میں ہونے والی اس ملاقات میں محمد اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے قومی مصالحتی کونسل کی سرگرمیوں کے آغاز کو امن کے عمل کی راہ میں اہم قرار دیا۔

قطر میں افغانستان کی حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات، امریکہ کے ساتھ طے پانے والے سمجھوتے کی بنیاد پر طالبان گروہ کے نئے مطالبات نیز امن مذاکرات پر قومی و عالمی مفاہمت کی حمایت، ایسے موضوعات ہیں کہ جن پر اس ملاقات میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغانستان کے صدر کے ساتھ قومی مصالحتی کونسل کا یہ اجلاس گزشتہ نو ماہ میں پہلی بار تشکیل پایا۔ اس اجلاس سے اپنے خطاب میں محمد اشرف غنی نے کہا کہ طالبان گروہ کے ساتھ مذاکرات کرنے والا سرکاری وفد، افغانستان میں اسلامی جمہوری نظام، بنیادی آئین اور لویہ جرگہ کے فیصلوں کی حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے امن مذاکرات بارہ ستمبر کو قطر میں شروع ہوئے جو تعطل کا شکار ہو گئے تھے تاہم کچھ وقفے کے بعد دونوں فریق اپنے اختلافات دور کرنے کے لئے ایک بار پھر مذاکرات کر رہے ہیں۔

ٹیگس