جگہ کے تعین کے بہانے مذاکرات میں تاخیر صحیح نہیں: عبداللہ عبداللہ
افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے جگہ کے تعین کے بہانے امن مذاکرات میں تاخیر نہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عبداللہ عبداللہ نے افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کی سربراہی کمیٹی کے دوسرے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ مذاکرات کی جگہ کا تعین آئندہ دور کے مذاکرات کے آغاز میں تاخیر کا باعث نہیں بننا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کاروں نے دوحہ میں نوے روز سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کئے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ واضح طور پر دوسرے دور کے مذاکرات کئے جائیں۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ اعلی قومی مصالحتی کونسل اور مذاکراتی وفد پر افغان عوام کے درد و غم کا خاتمہ کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
اس سے قبل افغانستان کے صدر اور قومی سلامتی کونسل کے مشیر خود افغانستان میں دوسرے دور کے مذاکرات کے انعقاد کا خیرمقدم کر چکے ہیں۔