Dec ۳۰, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۰ Asia/Tehran
  • شہید سلیمانی مکتب خمینی کے پروردہ تھے: سید حسن نصراللہ

جنرل سلیمانی کا مکتب فکر، امام خمینی (رح) کے نظریات ، رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور مقدس دفاع کے برسوں کے تجربات سے عبارت تھا۔ یہ بات حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے کہی۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کی مناسبت سے پریس ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم شہید  ہمیشہ ہی میدان جہاد میں حاضر رہتے اور اپنے مجاہد ساتھیوں کی باتوں کو سنتے تھے اور ان کی یہی ذاتی خصوصیات انہیں عسکری و انتظامی امور اور فوجی کمانڈ کے میدان میں ممتاز بناتی ہیں۔

سید حسن نصراللہ نے زور دے کر کہا کہ جنرل سلیمانی کی ایک اور خصوصیت ان کی مسلسل اور انتھک جدوجہد تھی، وہ کام اور سعی و کوشش سے ہرگز دستبردار نہیں ہوتے تھے اور مسائل و مشکلات  میں  نہایت صبر و استقامت  کے حامل تھے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ عراق اور شام کے کمانڈر ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ جنرل سلیمانی داعش اور تکفیریوں کے خلاف محاذ جنگ میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر اور عراق و شام کے فوجیوں کے ساتھ ساتھ رہتے تھے اور یہ ان کی ایک نمایاں خصوصیت تھی۔

 سید حسن نصراللہ نے لبنان کی تینتیس روزہ جنگ میں شہید سلیمانی کے کردار کے سلسلے میں کہا کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں لبنان میں حاج قاسم کی موجودگی نہایت بنیادی اور اہم تھی اور وہ جنگ کے آخری دنوں تک لبنان میں موجود رہے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ شہید سلیمانی نے ہر شخص سے زیادہ اسلام، مسلمانوں اور استقامت کی خدمت کی ہے اور وہ  میری اور استقامتی فورسز کی نظر میں نہایت اعلی مقام کے حامل ہیں ۔

امریکہ کے جارح اور دہشتگرد فوجیوں نے تین جنوری کو بغداد ایئرپورٹ کے قریب  سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو ایک بزدلانہ حملے میں شہید کر دیا تھا۔ جنرل قاسم عراقی حکومت کی دعوت پر اس ملک کے دورے پر تھے۔

ٹیگس