Jan ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • الحشد الشعبی، فوجی کمانڈروں کے پاک خون کی وفادار رہے گی، فالح الفیاض

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کے خون کے انتقام کا پہلا قدم ان سے تجدید بیعت اور ان کی راہ کو جاری رکھنا ہے۔

فالح الفیاض نے اتوار کے روز ان شخصیات کی عظیم شہادت کے مقام پر اپنے ایک خطاب میں کہا ہے کہ الحشدالشعبی پوری ایک امت ہے اور وہ ان شہدا کے پاک خون کی وفادار بنی رہے گی نیز وہ ان اعلی و ارفع اقدار کا تحفظ کرتی رہے گی کہ فاتح کمانڈر جن پر تاکید کرتے رہے ہیں۔

کتائب حزب اللہ عراق کے سیکریٹری جنرل ابو حسین الحمیداوی نے بھی ان عظیم استقامتی کمانڈروں کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر سرزمین عراق کی حفاظت کے لئے استقامت کے ہتھیار کا تحفظ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تاکید کی کہ خداوند متعال کی مدد و نصرت سے ہزاروں کی تعداد میں قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس بنیں گے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں عراقی عوام اتوار کی صبح بغداد کے التحریر اسکوائر کی طرف رواں دواں ہو گئے تاکہ استقامتی محاذ کے عظیم شہید کمانڈروں کی پہلی برسی کی مناسبت سے شہادت و حاکمیت کے زیرعنوان عظیم مظاہروں میں شرکت کرسکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس تین جنوری کو امریکی دہشتگرد فوج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم پر ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کو ان کے ساتھیوں کے ہمراہ فضائی حملہ کر کے شہید کر دیا تھا۔

 یہ ایسی حالت میں ہے کہ شہید قاسم سلیمانی، حکومت عراق کی سرکاری دعوت پر بغداد پہنچے تھے اور وہ حکومت عراق کے مہمان تھے۔

ٹیگس