Jan ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • اگر یمن میں امن و امان نہ ہوگا تو سعودی عرب میں بھی امن نہیں ہوگا : یمنی وزیرخارجہ

یمن کی سالویشن حکومت کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی امن و سیکورٹی اسی صورت میں قائم رہ سکتی ہے جب یمن اور یمنی عوام کو امن و سلامتی کے ماحول میں زندگی بسر کرنے دیا جائے گا۔

سبا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی سالویشن حکومت کے وزیرخارجہ ہشام شرف نے صنعا کی جانب سے سعودی عرب میں بعض اہداف کو نشانہ بنائے جانے کی ریاض اور بعض دیگر عرب ممالک کی جانب سے مذمت کرنے کے ارادے کے بارے میں کہا کہ جو لوگ اپنے جنگی طیارے یمن کے عام شہریوں کے قتل عام اور یمن کے شہروں اور دیہاتوں کو ویراں کرنے کے لئے بھیجتے ہیں انھیں صنعا سے گلدستے اور امن کا کبوتر بھیجنے کی توقع نہیں رکھنا چاہئے۔

یمن کے وزیرخارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ریاض بدستور دنیا کو دھوکے میں رکھنا چاہتا ہے اور یمن و ملت یمن کو تباہ و برباد کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، عالمی برادری سے یمن کے حالات اور جارح سعودی اتحاد کے اقدامات کے سلسلے میں بیدار رہنے اور آنکھیں کھلی رکھنے کا مطالبہ کیا ۔

واضح رہے یمن کے میزائلی یونٹ نے گذشتہ برسوں کے دوران جارح سعودی عرب کی جارحیتوں کا جواب دینے کے لئے مقامی ماہرین پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے میزائلی سسٹم کو اپڈیٹ کیا ہے اور سعودی جنگی طیاروں کے مسلسل حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے اندر بنیادی اہداف کو بھرپور نشانہ بنایا ہے ۔

ٹیگس