Jan ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کا ہوائی حملہ

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غزہ کے جنوب میں واقع صوبوں رفح اور خان یونس کے مشرقی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی ہے۔

غزہ کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارح جنگی طیاروں نے پیر کی صبح رفح کے مشرقی علاقے میں فلسطینیوں کی اراضی پر متعدد میزائل برسائے۔ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع صوبہ خان یونس کے مشرقی علاقوں میں  استقامتی محاذ  کے ٹھکانوں پر  بھی بمباری کی۔

صیہونی فوج کے ترجمان نے اپنی اس جارحیت کے جواز میں دعوی کیا ہے کہ غزہ کے شمالی علاقے سے اتوار کی رات اسدود کے علاقے پر دو راکٹ فائر کئے گئے۔غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور توپ خانے نے بھی حالیہ مہینوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

غاصب صیہونی حکومت نے دسمبر دو ہزار سترہ سے غزہ پر وحشیانہ جارحیت کا نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اس قسم کے وحشیانہ حملے مسلسل کئے جاتے رہے ہیں۔غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔

ادھر صیہونی فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں نے بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں جارحانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔ صیہونی انتہا پسندوں نے غرب اردن میں واقع نابلس کے جنوب میں مادما قصبے میں ایک مکان پر پتھراؤ کر کے اسے خاصا نقصان پہنچایا اور اس مکان کے شیشے توڑ ڈالے۔ صیہونی انتہا پسندوں کے ایک اور گروہ نے جسے  صیہونی پولیس کی پشت پناہی حاصل تھی، مسجد الاقصی کے صحن میں داخل ہو کر مصلای باب الرحمہ کے اطراف میں، جسے صیہونی حکومت نے یہودیوں کی عبادتگاہ میں تبدیل کر دیا ہے، کئی گھنٹے گشت زنی کی۔

دوسری جانب غرب اردن کے شمال میں واقع جنین کے جبع اور عنزا نامی علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں صیہونی فوجیوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی زہریلی گیس کے نتیجے میں کئی فلسطینیوں کی حالت بگڑ گئی اور ان کا دم گھٹنے لگا۔

ٹیگس