Jan ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
  • افغانستان میں 6 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق

افغانستان میں پرتشدد واقعات اور سکیورٹی فورسز پر طالبان کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

افغانستان کے صوبہ نیمروز کے ضلع خشروڈ میں طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

صوبائی پولیس چیف کرنل عبدالوہاب کے مطابق گزشتہ شب افغان طالبان نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی تاہم حملہ اتنا اچانک تھا کہ اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا تاہم جوابی حملے میں طالبان کو بھی نقصان پہنچا ہے اور متعدد شدت پسند زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب طالبان قیادت نے نئی امریکی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے فوجی واپس نہ بلائے تو پھر طالبان اہم فیصلہ کریں گے۔

افغان میڈیا کے مطابق نائب طالبان سربراہ ملا برادر نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ دوحہ میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے امن معاہدے کے مطابق امریکہ نے 14 مہینے کے اندر تمام افواج واپس بلانی ہیں، ابھی تک امریکا 5 ملٹری بیس خالی کرچکا ہے اور فوجیوں کی تعداد 8600 تک کم ہوگئی ہے۔

ٹیگس