Feb ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ شدت اختیار کرگیا

عراقی پارلیمٹ کے متعدد ارکان نے اپنے ملک سے امریکی فوج کے انخلا کو ضروری قرار دیا ہے۔ ان ارکان کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کی موجودگی ملکی مفاد میں نہیں اور اس کے نتیجے میں عراق کو لاتعداد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عراقی نیوز ایجنسی المعلومہ کی ایک رپورٹ کے مطابق، رکن پارلیمنٹعباس حامد نے غیرملکی فوجیوں کے انخلا کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ عراق پر فوجی تسلط قائم رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ امریکہ حکومت عراق کی آنے  جانے والی تمام  معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہے اور ملک کے عسکری شعبے پر اپنا تسلط قائم رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے حکومت عراق پر زور دیا کہ وہ امریکہ کی مداخلت کا راستہ روکے۔

 ایک اور عراقی رکن پارلیمنٹ فاضل الفتلاوی نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی، ہماری مشکلات میں اضافے اور عدم استحکام کا سبب  بن رہی ہے لہذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں پارلیمنٹ کی پاس کردہ قرارداد کو عملی جامہ پہنائے۔

الفتح پارلیمانی گروپ سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ عدی الشعلان نے بھی امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے خطے اور خاص طور سے عراق کے بارے میں اپنے تباہ کن منصوبوں کو تاحال ترک نہیں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے ذریعے،  ہمارے ملک میں انارکی اور دہشت گردی پھیلانے نیز اندرونی معاملات میں رخنہ اندازی کی نئی کوششوں میں مصروف ہے۔

عدی الشعلان نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ امریکہ ایک بار پھر عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کو تقویت دینے اور دہشت گردی کو ہوا دینے کی مکروہ سازش کر رہا ہے۔  

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صوبہ دیالہ کے علاقے نفت خانہ میں داعش کے ایک حملے میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے پانچ جوان شہید ہوگئے۔ شہید  ہونے والوں میں عوامی رضاکار  فورس کے تین ڈپٹی کمانڈر بھی شامل ہیں۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس کے سربراہ نے دہشت گردی کے تازہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے خون سے ملک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔

نومبر دوہزار سترہ میں داعش کی شکست کے باوجود اس دہشت گرد گروہ کے عناصر عراق کے مختلف علاقوں میں اب بھی روپوش ہیں اور وقتا وفوقتا عراقی شہریوں اور سیکورٹی فورس پر حملے کرتے رہتے ہیں۔

عوامی رضاکا فورس الحشد الشعبی نے ملک میں داعش کی باقیات کے خلاف کئی کامیاب آپریشن انجام دیئے ہیں۔

ٹیگس