یمن: مآرب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی تیز رفتار پیش قدمی
یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورس نے سعودی اتحاد کے آلہ کار فوجی اہلکاروں کو ناکوں چنے چبواتے ہوئے مآرب ڈیم کے آس پاس کے علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
العالم کے مطابق یمن کے مآرب سیکٹر پر مستعفی صدر منصور ہادی کی کمان میں جارح سعودی اتحاد کے زرخرید فوجیوں اور یمنی افواج کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یمنی افواج نے مآرب ڈیم کے قریبی علاقوں الراک اور قاع المنجورہ نامی علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ مآرب کے مغرب میں واقع صرواح کے علاقے الطلعہ الحمرا میں بھی یمنی فوج و عوامی رضاکار فورس اور سعودی اتحاد کے زر خرید فوجیوں کے درمیان شدید جنگ ہو رہی ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیارے سعودی اتحاد کے زرخرید فوجیوں کی پشتپناہی کر رہے ہیں ۔ جارح سعودی اتحاد کی بمبار طیاروں نے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر وحشیانہ طریقے سے بمباری کی ہے۔
یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ منصور ہادی کی کمان میں زرخرید فوجیوں نے اپنا جنگی سازوسامان الطلعہ الحمرا کے اسٹریٹیجک علاقے سے باہر نکال لیا ہے اور اب اس علاقے میں سعودی اتحاد کے بہت تھوڑے سے فوجی باقی بچے ہیں۔
مآرب کے مختلف علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی برق رفتار پیش قدمی بدستور جاری ہے اور انھوں نے جارح سعودی اتحاد کی ایک فوجی بٹالین کو قیدی بھی بنا لیا ہے اور ان کا سارا جنگی سازوسامان اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی اتحاد کے فوجیوں کی مدد و حمایت کے لئے ابوالعباس الجزائری کی سرکردگی میں داعش دہشت گرد گروہ کے ہزاروں دہشت گرد مآرب میں سرگرم ہوگئے ہیں ۔ دریں اثنا یمنی فوج نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے الحدیدہ میں فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران اس صوبے کے مختلف علاقوں پر ایک سو اڑتالیس بار بمباری کی ہے۔
یمنی فوج کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد نے جنگی طیاروں اور ڈرون طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے الحدیدہ میں مختلف علاقوں پر بمباری کے علاوہ پینتس میزائل مارے اور مارٹر گولے داغے ہیں ۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ سوئیڈن سمجھوتے کے مطابق الحدیدہ میں اٹھارہ دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو جنگ بندی کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے، مگر سعودی اتحاد نے ایک دن بھی اس جنگ بندی پر عمل نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ جارح سعودی اتحاد نے امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے جاری رکھے ہیں۔ اب تک سعودی جارحیت میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔