یمن میں انصارللہ کی پیش قدمی
پریس ذرائع نے یمن میں مآرب کے جنگی محاذ پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی پیش قدمی اور سعودی اتحاد کے کئی کمانڈروں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
سوشل میڈیا اور پریس ذرائع نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج اور انصاراللہ کے جوانوں نے مآرب سیکٹر پر تیز رفتار پیش قدمی کی ہے۔
یمن کے صوبہ مآرب میں جاری شدید جنگ کے بارے میں ملنے والی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس نے مآرب شہر کے اطراف میں کئی اسٹراٹیجک پہاڑی علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے اور یمنی فوج کے شدید حملوں کی وجہ سے سعودی اتحاد کی ڈیفنس لائن کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی نے بھی بتایا ہے کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس نے مآرب شہر کے مرکزی علاقے کی جانب تیز رفتار پیش قدمی جاری رکھی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مآرب میں المشجع، کے علاقے میں آل سعود اتحاد کے دو کمانڈر ہلاک کر دیئے گئے اور انصاراللہ کے جوان مآرب ڈیم کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں ۔ یمنی فوج اور عوامی رضار فورس کے جوانوں نے تبۃ الاقشع نامی علاقے میں بھی سعودی اتحاد کو بھاری شکست دی ہے۔