ابہا اور ملک خالد ہوائی اڈوں پر یمنی فوج کے جوابی حملے
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کے حملوں کے جواب میں اس ملک کے ابہا اور ملک خالد ہوائی اڈوں میں سعودی ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمنی ڈرون طیاروں نے جمعے کے روز ملک خالد اور ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بمباری کی ہے۔
یہ حملے یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت اور اس ملک کے جاری ظالمانہ محاصرے کے جواب میں کئے گئے ہیں۔
یحیی سریع نے کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جدہ میں آرامکو آئل کمپنی کی تنصیبات کوبھی نشانہ بنایا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اس میزائل کے ٹھیک اپنے نشانے پر لگنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ یمن پر وحشیانہ جارحیت اور اس ملک کے جاری ظالمانہ محاصرے کے جواب میں کیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔