امریکہ شام کے تیل کے ذخائر کی چوری کر رہا ہے، شامی وزیر پٹرولیم
شامی وزیر پٹرولیم نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس سے وابستہ عناصر شام کے تیل کے ذخائر کو لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کا رویہ بالکل چوروں جیسا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شامی وزیر پٹرولیم بسام طعمہ نے کہا ہے کہ مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں تیل سے مالامال نوے فیصد علاقوں پر امریکہ نے قبضہ کر رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ ان علاقوں میں ترکی اور خود سے وابستہ دہشت گردوں کے تعاون سے شام کے تیل کی لوٹ مار اور تیل سے مالامال ان علاقوں کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ شام کے ان علاقوں پر ایک عرصے سے امریکہ، ترکی اور ان سے وابستہ دہشت گرد عناصر کا قبضہ ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ شام کی حکومت نے بارہا تاکید کی ہے کہ شمالی اور شمال مشرقی شام کے علاقوں میں امریکہ اور ترکی کے فوجیوں اور ان سے وابستہ تمام عناصر کی موجودگی، شام کے اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔