Mar ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے ابہا ہوائی اڈے کے فوجی اہداف پر یمنی فوج کا جوابی حملہ

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ جنوب مغربی سعودی عرب میں واقع ابہا ہوائی اڈے کے فوجی اہداف کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی عوام پر سعودی اتحاد کی جاری جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوب مغربی سعودی عرب میں واقع ابہا ہوائی اڈے میں فوجی اہداف کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے اور خداوند متعال کے لطف و کرم سے یہ حملہ کامیاب رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس حملے میں ،قاصف کے ٹو، ڈرون طیارے کا استعمال کیا گیا جس نے اس ہوائی اڈے کے فوجی اہداف کو ٹھیک طرح سے نشانہ بنایا اور ابہا ہوائی اڈے میں واقع ان اہداف کو خاصا نقصان پہنچایا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اس حملے کو جوابی اقدام قرار دیا اور کہا کہ بیرونی جارحیت کا جواب دینا ہر ملک اور اس ملک کی قوم کا قانونی حق ہے اور یہ حملہ یمنی عوام پر سعودی اتحاد کی جاری وحشیانہ بربریت کے جواب میں کیا گیا ہے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس، اس سے قبل بھی کئی بار سعودی عرب کے ابہا اور ملک خالد ہوائی اڈوں میں فوجی اہداف کو نشانہ بنا چکی ہے۔

دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے تعز میں سعودی اتحاد کے آلہ کار فوجی اہلکاروں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے کئی فوجیوں کو ہلاک و زخمی کر دیا۔

یمن کے دفاعی فوجی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صوبے تعز میں واقع الکدحہ میں سعودی و امریکی اتحاد کے دسیوں آلہ کار فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اس صوبے میں کئی علاقوں سے پٹھو فوجیوں کو راہ فرار اختیار کرنے پر مجبور بھی کر دیا۔

یمن کے جنگی میدان میں یہ تبدیلی ایسی حالت میں رونما ہو رہی ہے کہ یمن کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد نے الحدیدہ میں فائر بندی کی خلاف ورزی جاری رکھتے ہوئے اکتالیس سے زائد بار میزائل حملے اور بمباری کی اور توپ خانے سے حملہ کیا اور ان حملوں میں مختلف قسم کے دیگر ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا جن میں ممنوعہ ہتھیار بھی شامل ہیں۔

ان فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد نے الدریہمی اور الجبلیہ کی فضا میں پروازیں کرتے ہوئے الخمسین، المنظر اور الفازہ پر دس سے زائد بار حملہ کیا۔

واضح رہے کہ یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت چھبیس مارچ کو اپنے ساتویں سال میں داخل ہو جائے گی۔

ٹیگس