مآرب میں سعودی اتحاد کا ڈرون طیارہ سرنگوں
یمن کے عسکری ذرائع نے اس ملک میں سعودی اتحاد کی فضائیہ کے ایک اور ڈرون طیارے کو مار گرائے جانے کا اعلان کیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ صوبہ مآرب میں سعودی اتحاد کی فضائیہ کے ایک اور ڈرون طیارے کو سرنگوں کردیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ایم ، کیو نائن (9) ڈرون طیارہ جاسوسی کی کارروائی میں مصروف تھا کہ اسے مار گرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈرون کو اس ہتھیار سے تباہ کیا گیا جس کی ابھی تک رونمائی نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب یمنی فوج اور رضاکار فورسز کی مآرب شہر کے مرکزی علاقے کی جانب تیز رفتار پیشقدمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس شہر کے مرکز کی آزادی ریاض کی حمایت یافتہ منصور ہادی کی حکومت کے لئے کاری ضرب ہوگی۔
سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے - جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں دسیوں لاکھ یمنی شہری بے گھر بھی ہوئے ہیں-
سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کرسکا - پچھلے چند برسوں کے دوران یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور محاصرے کے باوجود یمنی فورسز کی دفاعی طاقت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔