Mar ۲۴, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۲ Asia/Tehran
  • شمالی نینوا میں تکفیریوں کے خلاف عراقیوں کی کارروائیاں

عراق کے سیکورٹی حکام نے کہا ہے کہ صوبہ نینوا کے شمالی محاذ پر تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ایک اسٹریٹیجک آپریشن شروع کیا گیا ہے -

بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق عراق کے سیکورٹی حکام نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک کے فوجیوں نے بدھ کی صبح صوبہ نینوا کے شمالی محاذ پر جبال مخمور کے علاقے میں تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ایک اسٹریٹیجک کارروائی شروع کی ہے ۔

 گذشتہ ہفتے بھی عراق کی مسلح افواج کی کمانڈ کے ترجمان یحیی رسول نے صوبہ دیالہ  میں دہشت گردوں کے خلاف وسیع آپریشن کی کارروائی کی اطلاع دی تھی اور اعلان کیا تھا کہ عراقی سیکورٹی فورسس نے ایک اچانک کارروائی  میں داعش دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور صوبہ دیالہ میں ان کی ایک بڑی تعداد کو تباہ کردیا۔

 اس سے قبل بھی عراق کی رضاکار فورس اور الحشدالشعبی کے فوجیوں نے عراق میں داعش کی باقیات کے لئے ایک مشترکہ کارروائی انجام دی تھی ۔ مذکورہ کارروائی جنوبی سامراء کے محور پر یثرب کے علاقے میں انجام پائی ۔

اس کارروائی میں عراقی فوج اور الحشدالشعبی نے بھاری مقدار میں داعش دہشتگردوں کے اسلحے بھی ضبط کر لئے۔

 عراق کے سیکورٹی حکام نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی سامراء کے محور پر داعش کی باقیات کے خلاف فوج اور عوامی  رضاکار فورس کے مشترکہ آپریشن  کا مقصد اس علاقے میں رہائش پذیرعام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

 درایں اثنا عراقی ذرائع نے خبردی ہے کہ  شمالی عراق کے صوبہ نینوا میں دہشتگرد امریکی فوجیوں کا ہیلی کاپرٹر تباہ کردیا گیا ہےعراق کے صابرین نیوزچینل نے رپورٹ دی ہے کہ ایم کیو ون سی ماڈل کا یہ ہیلی کاپٹرامریکی فوج کی بحریہ کا تھا جسے صوبہ نینوا کے تل الشعیر کے القیّارہ علاقے میں گرایا گیا ہے۔

 رپورٹ میں صوبہ نینوا کے معتبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی ہیلی کاپٹر کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

عراق میں حالیہ مہینوں میں دہشت گرد امریکی فوجی اڈوں اور قافلو ں کو بارہا نشانہ بنایا گیا ہے ۔

 عراقی عوام اور سیاسی اور استقامتی گروہ  اپنے ملک سے امریکی فوجیوں کےانخلا کا مطالبہ کررہے ہیں اور عراقی  پارلیمنٹ اس سلسلے میں ایک بل بھی منظور کرچکی ہے-

 

ٹیگس