صوبہ مآرب میں یمنی فوج کی پیشقدمی
یمن کی فوج اور رضاکار فورس مآرب کے محاذ کی جانب مزید پیشقدمی کر رہی ہے -
یمنی ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مآرب کے دو علاقوں حمہ الذئاب اور نقطہ نخلاء پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج نے شمال مغربی مآرب کے مدغل اور صرواح علاقوں میں بھی کئی محاذوں پر پیشقدمی کی ہے۔
صوبہ مآرب میں گذشتہ دو مہینے سے یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے فوجیوں اور جارح سعودی اتحاد کے کرائے کے فوجیوں کے درمیان شدید جنگ جاری ہے ۔ اس دوران نیشنل سالویشن حکومت کی فوج اور انصاراللہ کے جوان اس صوبے میں خاطرخواہ پیشقدمی کرتے ہوئے شہر مآرب کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔
اس دوران امریکی جنگی طیاروں نے مآرب کے علاقے نخلا میں اپنے اتحادی فوجیوں پر ہی بمباری کردی جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
درایں اثنا نیشنل سالویشن حکومت کی وزارت نقل و حمل نے پیر کو اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ چھے برس سے یمن کے خلاف جاری سعودی عرب کی جارحیت اور محاصرے کے باعث ایسے اسّی ہزار یمنی شہید ہوگئے ہیں جنھیں علاج کے لئے بیرون ملک بھیجے جانے کی ضرورت تھی ۔