مآرب کے 70 فیصد علاقوں پر عوامی رضاکار فورس کا کنٹرول
یمنی ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مآرب کے 70 فیصد علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کےمطابق مآرب سیکٹر پر یمنی فورسز کی پیشقدمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس صوبے کے بہت سے علاقے من جملہ شمال مغرب کی اہم بلندیوں اور اہم اسٹریٹیجک علاقوں کا کنٹرول یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے حاصل کر لیا ہے۔ آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے أیدات الراء کے علاقے کی 3 اہم چوٹیوں اور اسی طرح الدشوشه علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ جبکہ گزشتہ دوروز کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں سعودی اتحاد سے وابستہ القاعدہ کے کئی عناصر ہلاک و زخمی ہوئے۔
بعض مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ منصور ہادی سے وابستہ عناصر اور ان کے زرخرید عناصر پناہ گزینوں کو شہر مآرب کے محفوظ مشرقی علاقوں کی جانب نہیں جانے دے رہے ہیں جس کے باعث پناہ گزینوں میں شدید غصہ ہے اور آل سعود کے کرائے کے فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں ۔
صوبہ مآرب میں گذشتہ دو مہینے سے یمن کی نیشنل سالویشن حکومت اور سعودی اتحاد و منصور ہادی کے زرخریدوں کے درمیان شدید جنگ ہو رہی ہے اس دوران یمنی فورسز نے صوبہ مآرب میں کئی کلومیٹر اندر تک پیشقدمی کی ہے ۔