عالمی اداروں کو امریکہ کا آلہ کار نہ بننے دیں : دمشق کی اپیل
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے دنیا بھر کے ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کیمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ادارے کو امریکہ اور مغربی ممالک کا آلہ کار نہ بننے دیں-
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسام صباغ نے سلامتی کونسل کے آنلائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر کے ملکوں سے اپیل کی ہے کہ کمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ادارے کو شام جیسے رکن ممالک پر دباؤ ڈالنے کے امریکی ہتھکنڈے میں تبدیل نہ ہونے دیں ۔
بسام صباغ نے کہا کہ کیمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ادارے کی کانفرنس میں فرانس اور مغربی ممالک کی جانب سے پیش کیے جانے والے مسودہ قرارداد سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ شام کے سلسلے میں بعض ممالک کی نیت صاف نہیں ہے اور وہ دمشق کے سلسلے میں دشمنانہ عزائم رکھتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شام ہر حال میں کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتا ہے اور اس نے کبھی بھی اس قسم کے ہتھیاروں کا استعمال نہیں کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ دمشق ، کیمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاو کے ادارے کے ساتھ پوری سنجیدگی، صداقت اور شفافیت کے ساتھ تعاون کررہا ہے اوراس تعاون کا نتیجہ کیمیاوی ہتھیاروں کی فیکٹریوں اورگوداموں کا پوری طرح خاتمہ ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ اورمغربی ممالک کے حمایت یافتہ دہشتگرد اور مسلح گروہوں نے شام کے عوام اور فوجیوں کے خلاف بارہا کیمیاوی ہتھیار استعمال کئے ہیں اور اس کے مصدقہ ثبوت بھی دیئے جا چکے ہیں لیکن مغرب اب تک اس کی مذمت میں رکاوٹیں کھڑی کرتا رہا ہے اور اس موضوع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کرنے کی بھی اجازت نہیں دی ہے بلکہ اس کے مقابلے میں غلط اطلاعات اور افواہیں پھیلا کر دمشق پر کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگانے کی کوشش کرتا رہا ہے ۔
امریکہ اور اس کے مغربی و عرب اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہوں کے حملوں اور دہشت گردی کے باعث بحرانی حالات کا سامنا رہا ہے اور دہشتگردانہ حملوں میں اب تک اس ملک کے دسیوں ہزار شہری جاں بحق اور لاکھوں دربدر و بے گھر ہو چکے ہیں ۔
دوسری جانب داعش دہشتگردوں نے چوّن شامی شہریوں کو جنھیں اس گروہ نے حماہ کے مضافات سے اغوا کیا تھا ، رہا کردیا ہے البتہ چھے افراد کی اب بھی کوئی خبر نہیں ہے۔
العرب الآن ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق داعش نے سلیمہ کے مضافات کے ساٹھ بادیہ نشینوں کو کچھ دنوں پہلے حماہ کے صحرائی علاقوں میں قیمتی جڑی بوٹیاں تلاش کرتے ہوئے اغوا کر لیا تھا اوران کے موبائل فون توڑ دیئے تھے ۔ اغوا کی اس کارروائی کے دوران داعش نے ایمن عبظو نامی ایک شامی شہری کو قتل اور تین دیگر کو زخمی کردیا تھا ۔