مآرب سیکٹر پر یمن کی مستعفی حکومت کی شکست ، ایک سو بیس ہلاک و زخمی
سعودی اتحاد کے فوجیوں کو مآرب سیکٹر پر ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے -
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مآرب سیکٹر پر سعودی عرب کے زرخرید ایجنٹوں اور فوجیوں کے وحشیانہ حملوں کے باوجود یمنی فوج اور رضاکار فورس کے جوانوں نے اپنی پیشقدمی جاری رکھی ہے اور الطلعہ کے علاقے کو عبور کرکے اس شہر کے شمال مغرب میں داخل ہوگئے ہیں ۔
یمن کی فوج اور رضاکار فورسز نے شہر مآرب کے شمالی علاقے المیل کی جانب بھی پیشقدمی جاری رکھی ہے اور الطلعہ الحمراء کے مشرق میں القباقیب اور الحنافیر کے علاقے میں سعودی اتحاد کے حملوں کو پسپا کردیا ہے ۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے جاری جنگ کے دوران یمنی فوج اور رضاکار فورس نے البلق القبلی کے علاقے میں سعودی اتحاد کے فوجیوں اور القاعدہ کے دہشتگردوں پراچانک حملہ کرکے انھیں بھاری نقصان پہنچایا ہے ۔
ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں سعودی اتحاد کے کئی محاذ فتح کرلئے گئے ہیں اور ایک سو بیس سے زیادہ جارح فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا گیا ہے-
تیل کی دولت سے مالامال اسٹریٹیجک صوبہ مآرب کو آزاد کرانے کے لئے نیا فوجی آپریشن تین مہینہ پہلے شروع ہوا ہے اور یمنی فوج شہر مآرب کے قریب پہنچ گئی ہے ۔