جنرل قاسم سلیمانی کے بعد اب قاسم میزائیل سے صیہونیوں پر خوف و وحشت طاری
جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی شاخ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں قدس کی غاصب صہیونی حکومت کے خلاف جاری جنگ میں ایک نئے قسم کے میزائیل کو متعارف کرایا ہے۔
القدس بریگیڈ کے ترجمان ابوحمزہ نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں پہلی بار نئے اور پیشرفتہ قسم کے میزائیل داغے گئے ہیں۔
سما نیوز کے مطابق " قاسم " سے موسوم میزائیل ایک جدید ترین اور پیشرفتہ میزائیل ہے جسے پہلی بار ہفتے کی رات صہیونی ٹھکانوں پر فائر کیا گیا ہے۔
ابوحمزہ کے بیان کے مطابق ان حملوں کے دوران استقامتی محاذ کی جانب سے داغے گئے میزائیلوں کی پہنچ تل ابیب، اشدود ، عسقلان، سدیروت اور خودساختہ اسرائیلی ریاست کے ديگر شہروں تک ہے۔
ابوحمزہ کا کہنا تھا کہ صیہونیوں کو حیران و پریشان کرنے کے لئے ہمارے پاس ابھی بہت کچھ ہے۔
ابوحمزہ نے نیتن یاہو اور صیہونی فوج کی ہائی کمان کو احمق خطاب کیا اور کہا کہ ہم تمھاری زمینی فورس کے غزہ میں داخل ہونے کا انتظار کررہے ہیں تاکہ تمھیں اپنے غصے کی ایک جھلک دکھا سکیں۔
واضح رہے کہ صیہونیوں کے خلاف اس جدید اور پیشرفتہ میزائیل کے استعمال کا جو سپاہ قدس کے کمانڈرجنرل شہید قاسم سلیمانی کی یاد میں ان کے نام " قاسم" پر رکھا گیا ہے سوشل ميڈيا پر خاصا چرچا ہو رہا ہے۔
صیہونی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ ہفتے کی صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک غزہ سے 228 راکٹ اور میزائیل داغے گئے ہیں۔