May ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۲:۴۷ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کا اعلان ، فلسطینی مجاہدوں کے ساتھ ہیں ہم ، آج فلسطین کو جہاد و شہادت کی ہے ضرورت

حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ آج فلسطینی سرزمین پر ایک نیا دفاعی توازن قائم ہو رہا ہے۔

لبنان میں فلسطینی استقامتی محاذ سے وابستہ تنظیموں جہاد اسلامی اور حماس کے نمائندوں کیساتھ ملاقات میں حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے پر زور لفظوں میں کہا ہے کہ آج فلسطینی سرزمین پر ایک نیا دفاعی توازن قائم ہو رہا ہے جو فلسطین کی جغرافیائی سالمیت، قدس شریف، 1948ء کی مقبوضہ سرزمینوں، مغربی کنارے  اورغزہ میں استقامتی محاذ کے گروہوں اور میزائل پاور پر مبنی ہے جبکہ اسرائیل کو جان لینا چاہیئے کہ فلسطینی عوام اپنی سرزمین کے  بالشت بھر حصے کو بھی دشمن کے قبضے میں باقی رہنے نہیں دینگے۔

اسلام ٹائمز کے مطابق شیخ نعیم قاسم کی سربراہی میں حزب اللہ لبنان کے ایک وفد نے کل رات  سربراہ جہاد اسلامی زیاد النخالہ اور لبنان میں حماس کے نمائندوں اسامہ حمدان اور احمد عبدالہادی کے ساتھ ملاقات میں تاکید کی کہ حزب اللہ لبنان، اپنے سربراہ سید حسن نصراللہ کے حکم کے مطابق، سربلند و دلیر فلسطینی استقامتی محاذ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم ایک ایسی عظیم قوم ہے، جس نے غاصب صیہونی رژیم جیسے  دشمن کے مقابلے میں بھی انتہائی شرافت مندانہ موقف اپنا رکھا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ حزب اللہ ہمیشہ سے فلسطینی استقامتی محاذ، عوامی جہاد اور قدس شریف کی آزادی کیلئے ہونے والی جدوجہد کے ساتھ شانہ بشانہ رہی ہے اور نہ صرف ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی بلکہ ان تمام اہداف کے حصول کے لئے اپنے فرا‏ئض  پر عملدرآمد بھی کرتی رہے گی۔

شیخ نعیم قاسم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج فلسطین کی حمایت کا دعویٰ کرنے والے ہر شخص کو چاہیئے کہ وہ فلسطینی استقامتی محاذ کے ساتھ آ کھڑا ہو کیونکہ آج فلسطین کو بیانات اور تقریروں کی بجائے جہاد، شہادت اور عملی مدد کی ضرورت ہے۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں 

ٹیگس