غزہ پر صیہونیوں کی تازہ وحشیگری
غزہ پر غاضب صیہونی حکومت کے تازہ وحشیانہ اور جنون آمیز حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ سے موصولہ خبروں کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے اس شہر پر جارحیت کے گیارہویں روز، شمالی اور وسطی علاقوں نیز خان یونس میں السطر الغربی کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم ایک فلسطینی خاتون شہید اور چار بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
جبالیہ کیمپ کے رہائشی علاقوں پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کی بمباری میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے، وسطی غزہ کی خیابان الجلا کے قریب واقع ایک رہائشی مکان کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر زمیں بوس ہوگیا۔
غزہ میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے اب تک اس علاقے میں تنتیس میڈیا ہاوسز کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
غزہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں کم سے کم دس صحافی زخمی ہوئے ہیں جن میں تین کو صیہونی فوجیوں نے شمالی غزہ میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔
اسی دوران بعض میڈیا رپورٹوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ جمعے سے غزہ میں جنگ بندی نافذ ہوجائے گی جس کے پیش نظر آئندہ چند گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شدت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
پچھلے گیارہ روز سے غزہ پر جاری وحشیانہ صیہونی حملوں میں ڈھائی سو کے قریب فلسطینی شہید اور کئی ہزار دیگر زخمی ہوگئے جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ اسپتال مساجد اور اسکول بھی صیہونی حملوں سے محفوظ نہیں رہے-
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ فلسطینی مجاہدین نے جمعرات کی صبح، اسرائیل کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے، صیہونی حکومت کے حتسریم اور تل نوف ایئر بیس نیز متعدد صہیونی علاقوں پر راکٹ اور میزائیل برسائے ہیں۔
اسلامی استقامتی تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صیہونی حکومت کے دو فوجی ہوائی اڈوں حتسریم اور تل نوف پر کئی راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔درایں اثنا صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے ترجمان نے بھی اعتراف کیا ہے کہ فلسطینیوں نے اب تک اسرائیل پر ہزاروں میزائل برسائے ہیں۔ آفر گونڈلمین نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ حماس اور جہاد اسلامی نے غزہ سے تقریبا چار ہزار میزائل اور راکٹ اسرائیل پر فائر کیے ہیں۔