صیہونی دہشت گردی کے مقابلے میں استقامت پر تاکید
فلسطینی گروہوں نے کہا ہے کہ جب تک صیہونیوں کے وحشیانہ حملے اور مسجد الاقصی اور بیت المقدس میں اسرائیلی مظالم بند نہیں ہوجاتے اس وقت تک استقامت جاری رہے گی -
تحریک حماس کے ترجمان قاسم حازم نے کہا ہے کہ مصر ، اقوام متحدہ اور قطر کی جانب سے متعدد کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم اسرائیل جنگ بندی کی مخالفت کررہا ہے اور سب سے اہم مسئلہ میدان جنگ میں اسرائیل کے اقدامات ہیں کہ غزہ ، شیخ جراح اور غرب اردن میں اس نے اپنے دشمنانہ حملے تیز کردیئے ہیں ۔
تحریک حماس کے ترجمان نے کہا کہ جب تک غاصبانہ قبضہ جاری ہے اس وقت تک فلسطینی عوام کی استقامت اور دفاع بھی جاری رہے گا۔
تحریک فتح کے فوجی بازو الاقصی بریگیڈ کے کمانڈروں نے بھی صیہونی حکومت کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر زور دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ جب تک بیت المقدس کے حالات معمول پر نہیں آتے اس وقت تک کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی ۔
الاقصی بریگیڈ کے ایک کمانڈر ابومحمد نے العالم ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ اس وقت تک جنگ جاری رہے گی جب تک وہ ملت فلسطین کے مطالبات تسلیم نہیں کرلیتی ۔
الاقصی بریگیڈ نے ابھی حال ہی میں ایک فوجی اعلامیہ جاری کر کے فلسطینی جوانوں سے کہا ہے کہ ڈرپوک صیہونی انتہا پسندوں اور بزدل صیہونی فوجیوں کو ان کے حال پر نہ چھوڑنا ۔