فلسطینی گروہوں کی جانب سے غاصب صیہونیوں کے مجرمانہ اقدامات کی مذمت
فلسطینی گروہوں نے غرب اردن کے شہر جنین میں غاصب صیہونیوں کے مجرمانہ اقدامات کی سخت مذمت کی ہے۔
العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ غرب اردن کے شہر جنین میں سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کی جدوجہد کے قومی جذبے سے پتہ چلتا ہے کہ ملت فلسطین ایک آزاد قوم ہے جو کسی کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والی نہیں ہے۔
تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن حسین الشیخ نے کہا ہے کہ فلسطینی شہروں، دیہاتوں، مہاجر کیمپوں اور اداروں پر مسلسل حملے اور فلسطینی سیکورٹی اہلکاروں کا قتل، غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کی تکمیل ہے۔ حسین الشیخ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ملت فلسطین اور سیکورٹی اداروں اور دفاتر کے دفاع کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانا چاہئے اور غاصبوں کے ان مجرمانہ اقدامات کی بین الاقوامی حلقوں میں بھی مذمت ہونی چاہئے۔
تحریک مجاہدین فلسطین نے بھی اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد صیہونی حکومت کے جرائم کا مقابلہ کرنے کا بہترین راستہ ہے اور ملت فلسطین کا بھی یہی مطالبہ ہے ۔درایں اثنا تحریک جہاد اسلامی کے سینئر رہنما ناصرابو شریف نے جمعرات کو العالم ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شہر جنین میں صیہونیوں کے وحشیانہ جرائم اور تحریک جہاد اسلامی کے ایک کمانڈر کی شہادت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ استقامت کا راستہ ہی صیہونی دہشتگردوں اور غاصبوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ملت فلسطین کا بنیادی اور اصلی راستہ شمار ہوتا ہے کیونکہ دہشتگردی نے قوم ، وطن اور فلسطینیوں کے مقدسات کو نشانہ بنا رکھا ہے ۔ناصر ابو شریف نے زور دے کر کہا کہ استقامت کا راستہ ہی کامیابی اور فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ ہے۔ جہاد اسلامی فلسطین کے سینئر رہنما نے کہا کہ استقامت کو مضبوط بنا کر اور فلسطین کے چپے چپے پر تحریک انتفاضہ کو فعال بنا کر ہی صیہونی دہشتگردی کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
ناصرابو شریف نےاپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کا قتل عام صیہونی حکومت کی دائیں اور بائیں بازو کی پارٹیوں کی دائمی پالیسی ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی اسپیشل فورس نے جمعرات کو شمال غرب اردن کے شہر جنین پر حملہ کر کے فلسطین کے فوجی انٹیلیجنس ادارے کے دو اہلکاروں اور ایک فلسطینی کو جو ابھی حال ہی میں صیہونی جیل سے رہا ہوا تھا شہید کردیا ۔ اس درمیان غزہ کے زیتون علاقے میں ایک نو سالہ فلسطینی بچہ بھی جو صیہونیوں کے ذریعے نصب کئے گئے بم دھماکے میں شدید طور پر زخمی ہوگیا تھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔