عمانی وفد کا دورہ صنعا مفید رہا: یمنی حکام
یمن کی قومی حکومت کے ترجمان اور مذاکرات کار وفد کے سربراہ نے عمانی وفد کے حالیہ دورہ صنعا کو مثبت قرار دیا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے یمن کی قومی حکومت کے ترجمان اور مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد عبد السلام نے کہا ہے کہ عمان کے وفد نے قومی حکومت کے نگران اعلی سید عبد الملک بدر الدین الحوثی، اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط اور مسلح افواج کے سربراہ کے علاوہ اہم سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام یمنی رہنماؤں نے عمانی وفد کو جنگ اور محاصرے کے خاتمے نیز انسانی صورتحال کے حوالے سے متعدد تجاویز پیش کی ہیں۔ یمن کی قومی حکومت کے مذاکرات کار وفد کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عمان کی کوششیں، یمن میں امن و استحکام پر منتج ہوں گی۔
واضح ہے کہ عمان کے اعلی سطحی وفد یمن کے ایک ہفتے کے دورے کے بعد سنیچر کو مسقط واپس چلا گیا ہے۔ عمانی وفد کے دورہ یمن کا مقصد صنعا کے بین الاقوامی ایئر پورٹ کے افتتاح اور صنعا و مسقط کے درمیان پروازیں شروع کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال بتایا گیا ہے۔