عراقی فوج کا انسداد دہشتگردی آپریشن
عراقی فوج نے صوبہ صلاح الدین اور الانبار میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران متعدد داعش دہشتگردوں کو ہلاک اور گرفتار کرلیا ہے۔
الفرات نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فورسز نے ان کارروائیوں میں بڑی تعداد میں داعش تکفیری گروہ کے ہتھیار بھی ضبط کر لئے ہیں۔ الفرات نیوز کے مطابق آپریشن کے دوران کئی داعش دہشتگردوں کو ہلاک بھی کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل عراقی فوج نے داعش کے باقیات کے خلاف صوبہ نینوا میں فوجی آپریشن کیا تھا اور بارہ دہشتگردوں کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔ حالیہ دنوں میں عراق کے بعض علاقوں میں داعش دہشتگرد گروہ کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ کچھ دنوں پہلے ایسی رپورٹیں ملی تھیں کہ امریکہ عراق میں داعش گروہ کو پھر سے منظم کرنا چاہتا ہے۔
عراق نے داعش کے خلاف تین برس کی جنگ کے بعد دوہزار سترہ میں اس گروہ پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس کے باقیات بعض علاقوں میں اب بھی سرگرم ہیں۔