امریکا کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا: رضاکار فورس
عراقی رضاکار فورس کا کہنا ہے کہ امریکی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ ہے۔
عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے ایک بیان جاری کرکے صوبہ الانبار میں عراقی رضاکار فورس کے ٹھکانے پر امریکا کے ہوائی حملے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے پیر کی صبح عراق اور شام کے سرحدی علاقے البوکمال کے القائم علاقے میں رضاکار فورس کے ایک ٹھکانے پر امریکا کے فضائی حملے کی مذمت کی اور اس حملے کی تفصیلات بیان کی۔
عراقی رضاکار فورس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی صبح دو بجے امریکی جنگی طیاروں نے صوبہ الانبار کے مغربی علاقے القائم شہر میں واقع رضاکار فورس کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں رضاکار فورس کے چار جوان شہید ہوئے جو شام سے عراق میں داعش کے عناصر کی در اندازی کو روکنے کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جوان عراق میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کے خلاف ہونے والی کسی بھی طرح کے اقدام کا حصہ نہیں تھے اور رضاکار فورس نے بارہا اس بات پر تاکید بھی کی ہے۔
بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ اپنے جرائم کا جواز پیش کرنے کے لئے امریکا کی جانب سے کئے جانے والے دعوؤں کے برخلاف جہاں حملہ کیا گیا ہے وہاں کسی طرح کے ہتھیار کا ذخیرہ یا اس طرح کی کوئی چيز نہيں تھی۔