Jun ۳۰, ۲۰۲۱ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • سعودی آلہ کاروں کے فوجی ٹھکانوں پر میزائلی حملہ کئی ہلاک و زخمی/ جارح عرب امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل نے اپنے سفرا کی تعیناتی شروع کر دی

یمن کی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے صوبہ مآرب میں جارح سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانے کو میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج نے صوبہ مآرب میں جارح سعودی اتحاد کے دو فوجی ٹھکانوں من جملہ صحن الجن کو بیلسٹک میزائل بدرایک سے نشانہ بنایا. اس حملے میں کئی سعودی آلہ کار ہلاک و زخمی ہوئے۔

یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ اس حملے میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا اور ہلاک شدگان میں سعودی اتحاد کے کئی فوجی افسران بھی شامل ہیں۔

یمنی فوج کے ترجمان نے دشمنوں کے اس پروپیگنڈے کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا کہ یمن کی مسلح افواج غیر فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

 انہوں  نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج کے میزائل و ڈرون حملے مکمل ٹارگیٹڈ ہیں اور اپنے ہدف کو نشانہ بناتے ہیں، ان حملوں میں سعودی عرب اور اسی طرح اس کی زیر کمان اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے، عام شہریوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے اور یہ حملے بھی جوابی اور دفاعی نوعیت کے ہیں۔

یمنی فوج کی پیشقدمی اور جارح سعودی اتحاد کی شکست کے پیش نظر جارح سعودی اتحاد، مآرب  پر وحشیانہ حملے کر رہا ہے جس کا جواب یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورسز دے رہی ہیں۔

دوسری جانب جنوبی یمن میں متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل نے یمن کی مستعفی حکومت کو نظرانداز کرتے ہوئے جنوبی یمن میں اپنی وزارت خارجہ تشکیل دے دی ہے۔

 الخبر الیمنی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی یمن میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ آلہ کاروں کے درمیان شدید رقابت اور رسہ کشی جاری ہے جس کے تحت دونوں فریقوں کے درمیان گھمسان کی جنگ بھی ہوتی رہی ہے۔ اس وقت جنوبی یمن میں عبوری کونسل نے یمن کی مستعفی حکومت کو کنارے لگاتے ہوئے جنوبی یمن  میں وزارت خارجہ کے قیام اور مختلف ملکوں میں منجملہ اقوام متحدہ، امریکہ، ایتھوپیا، افریقی یونین، فرانس، کینیڈا اور کویت میں اپنے نمائندے تعینات کر دیئے ہیں۔

سعودی عرب امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف فوجی جارحیت کر رہا ہے اور اس ملک کا بری، بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے ۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب کے جنگ افروزی کے باعث اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں بے گھر اور دربدر ہوگئے ہیں۔

ٹیگس