تاجکستان میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ
گزشتہ روز تاجکستان میں 5.9 شدت کے زلزلے کے سبب متعدد مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہںچا ہے اور اب بھی مزید جھٹکوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
زلزلے کے جھٹکوں سے منہدم ہونے والی عمارتوں تلے دبنے سے 5 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔
زلزلے کا مرکز 165 کلومیٹر جنوب مغرب میں دارالحکومت دوشنبہ میں تھا جس کی گہرائی دو کلومیٹر بتائی جاتی ہے۔ زلزلے کے اثر سے درجنوں مکانات زمین بوس ہوگئے اور کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
مکانات کے ملبے سے 5 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جب کہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقام تک منتقل کردیا گیا ہے۔