داعشی دہشت گردوں کی ٹولی گرفتار
عراق، سرکردہ سیاسی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کی سازش ناکام
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے داعشی دہشت گردوں کی ایک بڑی ٹولی کو گرفتار اور ٹارگٹ کلنگ کے منصوبے کو ناکام بنادیا ہے۔
بغداد میں عوامی رضاکارفورس الحشدالشعبی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش سے وابستہ دہشت گردوں کی اس ٹولی کو صوبہ صلاح الدین میں خصوصی آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔
حشدالشعبی کے سوشل میڈیا ہنڈل کے مطابق دہشت گردوں کی یہ ٹولی سیاسی رہنماؤں، قبائلی سرداروں اور مقامی سرکاری عہدیداروں کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہی تھی جس کا مقصد صوبہ صلاح الدین کے امن و امان کو درھم برھم کرنا تھا۔
دوسری جانب صوبہ الانبار میں تعینات الحشد الشعبی کے فیلڈ کمانڈر قاسم مصلح نے بتایا ہے کہ القائم شہر میں دہشت گردی کی ایک کارروائی کو ناکام بنادیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹیلی جینس اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپا مارا گیا جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ ایک کار بم بھی تیار حالت میں برآمد ہوا ہے جسے ناکارہ بنادیا گیا۔
امریکہ اور اس کے مغربی ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ داعش نے ایک بار پھر عراق کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔