بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان چوکس رہیں، حماس کی اپیل
مسجد الاقصی پر حملے کے لئے صیہونی آبادکاروں کی اپیل کے بعد فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطینی نوجوانوں سے چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔
قدس پریس کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں غرب اردن اور مقبوضہ علاقوں میں آباد فلسطینی نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پیر کے روز یعنی عرفہ کے دن تک بیت المقدس کی طرف مارچ کریں۔
اس بیان میں غزہ کے فلسطینیوں اور فلسطینی گروہوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ان کے ہتھیار بھی آمادہ رہیں تا کہ غاصب صیہونی اس بات کو سمجھ لیں کہ مزاحمتی قوتیں مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے دفاع کے لئے مکمل ڈھال اور شمشیر برہنہ ہیں۔
اس بیان میں غاصب صیہونیوں کو فلسطینی گروہوں کو آزمانے پر سخت خبردار بھی کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ انتہا پسند صیہونیوں نے اٹھارہ جولائی کو مسجد الاقصی پر حملہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ صیہونی انتظامیہ نے بھی شہر بیت المقدس میں قدیمی دیواروں کے اطراف میں صیہونی آبادکاروں کی جانب سے مارچ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔