Jul ۱۷, ۲۰۲۱ ۲۳:۰۱ Asia/Tehran
  • حماس پر مصر دباؤ ڈالے ، اسرائيل  کا مطالبہ

اسرائیل ، قیدیوں کے معاملے میں حماس کو مزيد جھکنے پر مجبور کرنے کے لئے مصر پر شدید دباؤ ڈال رہا ہے ۔

         با خبر ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ اور اسرائيل کے درمیان ثالثی کے  معاملے پر قریب سے نظر رکھنے والے ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائيل کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ مصر، حماس اور دیگر فلسطینی تنظیموں پر " کافی" دباؤ نہيں ڈال رہا ہے اسی لئے قیدیوں کے تبادلے کا معاملہ ، اسرائیل کی شرطوں کے مطابق آگے نہيں بڑھ پا رہا ہے اور اسی لئے حماس بھی ان فلسطینی قیدیوں کی رہائي پر اصرار کر رہا ہے جن پر تل ابیب نے اپنے فوجیوں اور آبادکاروں کے قتل کا الزام عائد کیا ہے ۔

        ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں قاہرہ کا دورہ کرنے والے اسرائيل کے سیکوریٹی وفد نے یہ دعوے کئے ہيں اور وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ مصر کے پاس حماس پر دباؤ ڈالنے کے بہت سے وسائل ہیں جنہیں استعمال کرکے وہ حماس کو اسرائيل کی شرطیں تسلیم کرنے پر تیار کر سکتا ہے لیکن خاص وجوہات کی بناء پر مصر ایسا نہیں کر رہا ہے ۔

        ان ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائيل نے حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لئے جاری بات چیت میں نئے فریقوں کی شمولیت کا عندیہ دیا ہے  اور اسرائيلی ذرائع کے مطابق ، تل ابیب اس معاملے میں ترکی کو شامل کر سکتا ہے کیونکہ  حماس کے ساتھ ترکی کے گہر ے اور مضبوط تعلقات ہیں۔

        ذرائع کے مطابق  ، قاہرہ ، حماس کو اسرائيل کی شرطوں کو تسلیم کرنے پر مجبور کرنے کی راہوں  پر غور کر رہا ہے ۔

        ذرائع کے مطابق، مصری خفیہ ایجنسی کے اہل کاروں نے اس سلسلے میں اپنے ترک ہم منصبوں سے بات چیت کی ہے  جس کے دوران، قاہرہ و انقرہ کے درمیان تعلقات میں بہتری کی راہوں پر غور کیا گيا البتہ انقرہ نے اس قسم کی رپورٹوں کی تردید کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کا معاملہ ، ترکی کی ترجیحات میں شامل نہيں ہے ۔

        ذرائع کے مطابق مصر کے خفیہ ادارے کے اہل کاروں نے حماس کے رہنماؤں سے رابطہ کیا تاہم حماس کے رہنماؤں نے کسی نئي تجویز سے لاعلمی ظاہر کی ہے ۔

         با خبر ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائيل میں چھوٹی کابینہ نے حماس اور اسرائيل کے وفود میں قاہرہ کی وساطت سے ہونے والے مذاکرات کے دوران پیش کی گئي تجاویز کو منظور نہيں کیا ہے ۔

        ذرائع کے مطابق، حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر اسرائيل کے اندر شدید اختلافات ہيں اور شدت پسند دھڑا ، حماس پر مزید دباؤ ڈالنے اور اس  کی شرطوں کو نہ ماننے پر زور دے رہا ہے ۔

 

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

ٹیگس