سعودی اتحاد کی وحشیانہ بمباری، 2 یمنی شہید
جارح سعودی اتحاد نے یمن کے صوبے صعدہ پر وحشیانہ حملے کئے جن میں رہائشی علاقوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے کل رات صوبہ صعدہ کے رہائشی علاقے الرقو کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا، توپوں کے گولے اور راکٹ فائر کئے جس کے نتیجے میں یمن کے 2 شہری شہید ہوئے۔
دوسری جانب تسنیم کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبے الحدیدہ پر جارح سعودی اتحاد کےجنگی طیاروں اور ڈرون نے پروازیں کیں، توپوں کے گولے اور میزائل داغے اور بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملے کر کے 197 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات امریکہ اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر فوجی حملے کر رہا ہے اور اس ملک کا بری ، بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے۔
یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جارحانہ حملوں میں اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید، دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں دربدر اور بے گھر ہوچکے ہیں۔
سعودی اتحاد کی جاری وحشیانہ جارحیت اور محاصرے کے نتیجے میں عالم اسلام کے اس غریب عرب ملک کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلّت کا سامنا ہے۔اس کے باوجود سعودی اتحاد یمنی عوام کے خلاف اب تک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔