Aug ۰۸, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
  • امریکی اتحاد کے فوجیوں کی عراق سے کویت منتقلی

امریکہ کی سرکردگی میں داعش مخالف نام نہاد اتحاد نے اپنے کچھ فوجیوں کو عراق سے کویت منتقل کردیا ہے۔

امریکہ کی سرکردگی میں داعش مخالف نام نہاد اتحاد نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ فوجی مشن ختم ہونے پر دو طیاروں کے ذریعے داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے ایک فوجی یونٹ کو عراق سے کویت منتقل کر دیا گیا۔ دہشت گرد امریکی فوج کی قیادت میں بننے والے اس نام نہاد اتحاد کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق میں داعش مخالف اتحاد کے فوجیوں کی تعداد میں کمی کئے جانے کی ضرورت کے پیش نظر اور ان فوجیوں کا مشن پورا ہونے پر انھیں کویت منتقل کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق یہ فوجی، فوجی آپریشن کے وقت میدان عمل میں موجود فوجیوں کی مدد و حمایت کے لئے اور فضائی کارروائی اور اپنے فوجیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے دوبارہ ایکشن میں آجائیں گے۔

حال ہی میں عرا‍ق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی اور امریکی صدر جوبائیڈن کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں رواں عیسوی سال کے اکتیس دسمبر تک عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

عرا‍ق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی اور امریکی صدر جوبائیڈن کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کے بعد جاری کئے جانے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بغداد اور واشنگٹن نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلا مکمل ہو جائے گا اور امریکہ عراق کے قومی اقتدار اعلی اور اس ملک کے قوانین کا احترام کرے گا۔

واضح رہے کہ عراق میں دہشت گرد امریکی فوجی ٹھکانوں اور فوجی قافلوں پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں اور حال ہی میں عراق کے صوبہ بابل میں ایک امریکی مسلح کاروان کے راستے میں دھماکہ ہوا تاہم اس حملے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کے بارے میں کسی قسم کی کوئی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں کی۔ اس حملے سے چند گھنٹے قبل بھی عراق کے دیوانیہ علاقے میں دہشتگرد امریکی فوجیوں کے ایک قافلے کو حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

حالیہ چند ماہ کے دوران امریکہ کے مسلح کاروانوں پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں۔

 

ٹیگس