Aug ۱۲, ۲۰۲۱ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • الجزائر کے جنگلات میں ہولناک آتشزدگی بدستور بے قابو

الجزائر میں جنگلاتی آگ کے نتیجے میں 28 فوجیوں اور 37 شہریوں سمیت 65 افراد جاں ہو گئے۔

خبررساں اداروں کے مطابق آگ سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دارالحکومت الجزائر سٹی سے 100 کلومیٹر مسافت پر واقع صوبہ تیزی وزو سر فہرست ہے۔ ملک کے 18 صوبوں میں 71 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے۔

تیزی وزو میں 22، شمال مشرقی ساحلی پٹی کے صوبوں بیجایا اور تاریف میں 13 اور صوبہ جیجل میں 11 مقامات پر لگی آگ کے بجھانے کے لئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

 الجزائر کے وزیر داخلہ کامل بلجود نے آتشزدگی کے نتیجے میں 28 فوجیوں اور 37 عام شہریوں کی ہلاکت کے واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بیک وقت کئی مقامات پر لگنے والی آگ مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے افراد کی سازش ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں جنگلاتی آگ کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے اور یورپ، امریکا اور افریقا کے جنگلات شدید متاثر ہوئے ہیں۔

 

 

ٹیگس