آئل ٹینکر دھماکے کی وجوہات کا جلد از جلد پتہ لگایا جائے: صدر لبنان
لبنان کے صدر نے شمالی لبنان میں آئل ٹینکر میں ہونے والے دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے عدالتی تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
العہد نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے صدر میشل عون نے اتوار کے روز اپنے ملک کی عدلیہ سے کہا ہے کہ وہ عکار کے علاقے التلیل میں ہونے والے آئل ٹینکر دھماکے کی وجوہات کا جلد از جلد پتہ لگائیں، تاہم اس دھماکے کی سیکورٹی تحقیقات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ لبنان میں عکار کےعلاقے التلیل میں ایندھن کے حامل ایک ٹینکر میں دھماکہ ہو گیا جس کے باعث کم از کم اٹھائیس افراد جاں بحق،اور قریب اسّی زخمی اور متعدد لاپتہ ہو گئے۔
ابھی تک دھماکے کی بنیادی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس دھماکے کے فورا بعد امدادی کاروائی شروع ہو گئی اور ایمبولینسوں کے ذریعے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ لبنان میں ایندھن کے ٹینکر میں یہ دھماکہ ایسی حالت میں ہوا ہے کہ اس ملک کے عوام کو ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے اور ایندھن سے سبسڈیز ختم کرنے سے متعلق اس ملک کے سینٹرل بینک کے سربراہ کے فیصلے سے لبنانی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔