سعودی اتحاد کی جارحیت کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
یمنی فوج کی آپریشنل کمانڈ نے کہا ہے کہ صوبہ الحدیدہ میں سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کی آپریشنل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ الحدیدہ میں 309 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جو ایک دن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کا نیا ریکارڈ ہے۔ یمنی فوج کے مطابق جارح سعودی اتحاد اور اس کے ایجنٹوں نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد بار فضا میں جاسوس ڈرون طیارے بھیجے، میزائل اور مارٹر فائر کئے اور بڑے پیمانے پر فائرنگ کرکے الحدیدہ جنگ بندی معاہدے کو پامال کیا۔
دوسری جانب یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی مذاکراتی ٹیم نے زور دے کر کہا ہے کہ امریکہ ، جنگ یمن میں داعش اور القاعدہ دہشتگردوں کا ساتھ دے رہا ہے اور یمنی عوام کے خلاف لڑ رہا ہے۔
یمن کے خلاف جنگ اور جارحیت کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے جب سوئیڈن میں صنعاء اور ریاض کے وفد کے مابین 18 دسمبر 2018 کو الحدیدہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک دن بھی پابندی نہیں کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کر سکا ہے-