صیہونی حکومت کی جیل سے فلسطینی قیدیوں کے فرار پر غزہ میں جشن
صیہونی حکومت کی جیل سے چھے فلسطینی قیدیوں کا فرار جہاں صیہونی سیکورٹی انتظامیہ کی ذلت و رسوائی کا باعث بنا ہے وہیں فلسطینیوں نے قیدیوں کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے بھرپور جشن منایا ہے۔
فلسطینی قیدیوں کے اقدام پر فلسطینی شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر کاروں کے ہارن بجائے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور جشن منایا۔
فلسطینیوں نے اسی طرح قومی پرچم لہراتے ہوئے فلسطینی قیدیوں کے اقدام پر خوشی کا اظہار اور اس اقدام کو غاصب صیہونی حکومت کی سیکورٹی انتظامیہ کی رسوائی قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق جیل سے کامیابی سے نکلنے والے پانچ قیدیوں کا تعلق جہاد اسلامی اور ایک قیدی کا تعلق تحریک فتح سے ہے۔
اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل تیرہ کی رپورٹ کے مطابق جیل سے نکلنے میں کامیاب ہونے والے قیدیوں کی گرفتاری کے لئے اسرائیل نے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی اور ہیلی کاپٹروں اور ڈرون کے ذریعے قیدیوں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ماہرین فلسطینی قیدیوں کے اس اقدام کو صیہونی ایوانوں میں سیکورٹی کے لحاظ سے ایک لرزہ قرار دے رہے ہیں۔