Sep ۰۸, ۲۰۲۱ ۰۶:۴۹ Asia/Tehran
  • افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس، پاکستان میزبان

اسلامی جمہوری ایران سمیت افغانستان کے چھ ہمسایہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کا آج اجلاس ہونے جا رہا ہے جسکی میزبانی پاکستان کرےگا۔ یہ اجلاس ایسے حالات میں ہونے جا رہا ہے کہ اس وقت افغانستان میں طالبان ایک موقت کابینہ تشکیل دے چکے ہیں۔

ارنا نیوز کے مطابق، پاکستان کی وزارت خارجہ سے منگل کے روز جاری ہوئے ایک بیان کے ذریعہ اس اجلاس کا اعلان ہوا۔ اس آنلائن اجلاس کی سربراہی پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کرینگے۔ پاکستان کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس میں ایران، چین، تاجیکستان، ترکمنستان اور ازبکستان شامل ہونگے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ 8 ستمبر کے اس اجلاس میں افغانستان کی تازہ بدلتی صورتحال میں مشترکہ چیلینج سے نپٹنے اور خطے کے ثبات و خوشحالی کے لئے نئے مواقع کی فراہمی کے راستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ اجلاس افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے لئے یہ موقع فراہم کرے گا کہ وہ ایک پر امن و با ثبات افغانستان کے مشترکہ ہدف کے حصول میں آپس میں تعاون کریں جو ایک مضبوط اقتصادی رابطے کے لئے ضروری ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں افغانستان میں امن و استحکام کے قیام میں مدد دینے میں اس ملک کے ہمسایہ ملکوں کی ذمہ داری کو بہت اہم بتایا۔ اس بیان میں آیا ہے کہ ایک پرامن، با ثبات، متحد اور اقتدار اعلی کا مالک افغانستان، خطے کی خوشحالی، ترقی، ملکوں کے درمیان ٹرانزٹ تجارت اور سکورٹی قائم کرنے میں بہت اہم رول ادا کر سکتا ہے۔

اس سے پہلے اتوار کے روز افغانستان کے چھ ملکوں کے خصوصی نمائندوں کا آنلائن اجلاس ہوا تھا جس میں افغانستان کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا تھا۔

 

 

ٹیگس