Sep ۱۲, ۲۰۲۱ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • صیہونی عدالت نے فلسطینی قیدیوں پر دہشتگردی کا الزام دھرا

خود ساختہ صیہونی حکومت کی نام نہاد عدالت نے جیل سے فرار ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار ہو جانے والے چار فلسطینی قیدیوں پر دہشتگردی کا منصوبہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

فارس نیوز کے مطابق صیہونی حکومت کے سکیورٹی عہدے داروں نے جلبوع جیل سے سرنگ کھود کر فرار کرنے والے چھے میں سے چار فلسطینیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا اور انہیں ہفتے کی شام ناصرہ شہر کی اپنی نام نہاد عدالت میں پیش کیا۔

اس سے قبل صیہونی ذرائع نے اعلان کیا تھا کہ زکریا الزبیدی اور محمد عارضہ کو صیہونی سکیورٹی اہلکاروں نے ہفت کی علی الصبح عرب الشبلی اور ام الغنم قریوں کے بیچ واقع گاڑیوں کی ایک پارکنگ سے جبکہ محمود العارضہ اور یعقوب قادری کو جمعے کے روز ناصرہ شہر کے جنوب میں جبل القفرہ نامی علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ ناصرہ شہر کے عرب باشندوں نے عدالت میں مذکورہ چار فلسطینی قیدیوں کے پہنچنے کے موقع پر عدالت کی عمارت کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے ان سے اپنی یکجہتی کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اتوار اور پیر کی درمیانی شب خود ساختہ ریاست اسرائیل کی سب سے محفوظ سمجھے جانے والی جیل جلبوع سے چھے فلسطینی ایک سرنگ کھود کر کامیابی کے ساتھ فرار ہو گئے تھے۔ اس واقعے کو فلسطینی تنظیموں نے ایک بڑی کامیابی اور صیہونی حکومت کے منھ پر زوردار طمانچے سے تعبیر کیا تھا۔

ٹیگس