لبنانی وزیر اعظم عرب ملکوں کی جانب سے مدد کے منتظر
لبنان کے نئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ بڑے عرب ملکوں کی جانب سے مدد کے منتظر ہیں لیکن تاحال ان میں سے کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے قبل تشکیل پانے والی نئی حکومت کو توقع تھی کہ بڑے عرب ممالک آگے آئیں گے، اقتصادی اور سماجی بحران کے مقابلے میں ہماری مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان دنیائے عرب کا چھوٹا سا ملک ہے لیکن اس کا استحکام پوری عرب دنیا کے مفاد میں ہے۔
لبنان کے وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہم ایندھن کے بحران کے حوالے سے فکرمند ہیں اور خاص طور سے ایسے وقت میں کہ جب سردیوں کا موسم بھی قریب آتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی مشکلات اور خارجہ تعلقات کی اصلاح کا معاملہ بھی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تیرہ ماہ کے تعطل کے بعد آخرکار جمعہ دس ستمبر کو لبنان کے صدر میشل عون نے وزیراعظم نجیب میقاتی کی بائیس رکنی کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔صدر میشل عون نے گزشتہ دنوں نجیب میقاتی کو ملک کا وزیراعظم نامزد اور نئی کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داریاں انہیں سونپی تھیں۔