Sep ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  • عراقی کردستان میں صیہونی نواز کانفرنس پر حزب اللہ لبنان کا رد عمل

حزب اللہ لبنان نے عراقی کردستان کے صدر مقام اربیل میں ہوئی صیہونی نشست پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اُسے صیہونی دشمن کے ساتھ ڈائلوگ کلچر کو فروغ دینے کی ایک ناکام کوشش قرار دیا۔

لبنان کے المنار ٹی وی کے مطابق حزب اللہ نے ایک بیان جاری کر کے اربیل میں ہوئی فلسطین مخالف کانفرنس پر عراق کی سیاسی، عوامی اور مذہبی جماعتوں کے موقف کو سراہا اور کانفرنس کے منتظمین کی گرفتاری پر مبنی عراقی عدلیہ کے حکم کی قدردانی کی۔

حزب اللہ کے بیان میں آیا ہے کہ صیہونی نشست کے بعد عراقی حکومت و عوام کی جانب سے سامنے آنے والا رد عمل در حقیقت عراقی عوام کی حقیقت پسندانہ اور صیہونی حکومت مخالف ماہیت کی عکاسی کرتا ہے۔

یاد رہے کہ عراقی کردستان کے صدر مقام اربیل میں صیہونیوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کے تناظر میں ایک اجلاس ہوا تھا جس پر عراق کی مرکزی حکومت نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اُس کے ذمہ داروں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دئے تھے۔

حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں فلسطینی کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے حملے میں فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کی بھی سخت مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے فلسطینیوں کی شجاعانہ جوابی کاروائیوں کو سراہا۔

قابل ذکر ہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے اور جنین کیمپ پر صیہونی حملے میں پانچ فلسطینی شہید جبکہ فلسطینیوں کے جوابی حملے میں کئی صیہونی زخمی ہوگئے تھے۔

 

ٹیگس