فلسطین کے مختلف علاقوں میں نماز جمعہ کے بعد مظاہرے
فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کے جرائم اور پالیسیوں کے خلاف آج مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے ہیں۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی نابلس کے جبل صبیح نامی علاقے کے فلسطینیوں نے ہر جمعے کی مانند آج بھی اس علاقے میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف احتحاجی مظاہرے کئے۔
صیہونی حکومت نے مظاہرین کو ڈرون طیارے سے گیس بم کا نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران مظاہرین پر فائرنگ کرنے والا ایک ڈرون گرگیا جسے مشتعل مظاہرین نے کچل کر تباہ کر دیا۔
مشرقی نابلس کے بیت دجن دیہات کے باشندوں نے بھی آج نماز جمعہ کے بعد صیہونی کالونیوں کی تعمیر جاری رہنے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ غاصب صیہونی حکومت نے صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کرکے کم سے کم پانچ فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے آج شہر الخلیل پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں فلسطینی جوانوں سے ان کی جھڑپ ہوئی جس کے دوران صیہونیوں نے ان پر ساؤنڈ بم پھینکے۔
بیت المقدس میں غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے فوج تعینات کئے جانے اور سخت سیکورٹی انتظامات کے باوجود آج پچاس ہزار فلسطینیوں نے مسجد الاقصی میں نماز جمعہ ادا کی۔ صیہونی فوجیوں نے اس ہفتے غرب اردن ، مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ پٹی میں آٹھ فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔