Oct ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران اور یونیسیف کا انتباہ، افغانستان کو ایک بڑے انسانی المیےکا سامنا ہے، عالمی برادری فوراً میدان میں آئے

اسلامی جمہوریہ ایران نے افغان عوام کی حمایت کو عالمی برادری کے فرائض میں شمار کیا ہے۔

 جنیوا میں اقوام متحدہ کے یورپی  ہیڈ کوارٹر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور نمائندے اسماعیل بقائی ہامانہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں نے افغان مہاجرین اور پناہ گزینوں کی مدد کے لئے میزبان ممالک کی توانائیوں کو سخت متاثر کیا ہے.

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ایک ایسی وسیع البنیاد حکومت کی  کی ضرورت ہے جس میں تمام اقوام، نسلوں اور ادیان و مذاہب کی نمائندگی ہو اور جو انسانی حقوق کا احترام کرے اور پڑوسی ممالک کے ساتھ حسن ہمسائگی کے اصولوں کے مطابق اچھا رویہ اختیار کرے۔

بقائی ہامانہ نے پناہ گزینوں کے ہائی کمیشن کی ایکزیکٹیو کمیٹی کے بہترویں اجلاس سے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں کوئی بھی انسان دوستانہ مدد امن و استحکام کی جگہ نہیں لے سکتی اور عالمی برادری کو چاہئے کہ افغانستان کے عوام کی حمایت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری پر عمل کرے۔

اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے افغانستان میں فوجی مداخلت کے منفی نتائج کا بھی ذکر کیا۔

ہائی کمیشن برائے پناہ گزینان کی ایکزیکٹیو کمیٹی کے بہترویں اجلاس کے موقع پر عالمی ریڈکراس کمیٹی کے سربراہ پیٹر ماؤرر اور ہائی کمشنر برائے پناہ گزینان فلیپیو گرنڈی نے، افغان پناہ گزینوں سے متعلق مذکورہ ادارے کے اقدامات کے بارے میں تازہ ترین رپورٹ پیش کی۔  

دوسری طرف عالمی ادارہ خوراک اور بچوں کے امور سے متعلق ادارے یونیسف نے غذائیت کی قلت کے باعث افغانستان میں دس لاکھ بچوں کے فوت ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے اور ساتھ ہی افغان عوام کی جان بچانے کے لئے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔

یونیسف نے اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں غذا کی قلت اور غذائی عدم تحفظ کا خطرہ پیدا ہوچکا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق افغانستان میں ایک کروڑ چالیس لاکھ افراد کو غذائی عدم تحفظ کا سامنا ہے اور کم سے کم دس لاکھ افراد کو ناقص غذا اور فوری علاج کے فقدان کے باعث موت کا خطرہ لاحق ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کے سروے کے مطابق افغانستان میں پچانوے فیصد خاندانوں کو پیٹ بھر کھانا میسر نہیں ہوتا، بڑے بزرگ کم مقدار میں اور ایک وقت کھاتے ہیں تاکہ ان کے بچے پیٹ بھر کھانا کھا سکیں۔

 افغان عوام کی یہ حالت ایسے عالم میں ہے کہ امریکہ نے گذشتہ مہینے اپنے بینکوں میں افغانستان کے اثاثے منجمد کر دیئے ہیں جس  سے عوام کی معیشت و تجارت کو سخت نقصان پہنچا ہے۔

ٹیگس