افغانستان؛ شیعہ جامع مسجد میں دھماکہ، درجنوں شہید، واقعے کی ایران کی جانب سے مذمت
افغانستان کے صوبہ قندوز کے شہر سیدآباد کی شیعہ جامع مسجد میں نمازجمعہ کے دوران خود کش دہشت گردانہ حملے میں پچاس سے زائد نمازی شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
افغانستان سے موصولہ خبروں کے مطابق صوبہ قندوز کے شہر سید آباد کی شیعہ جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑالیا جس کے نتیجے میں پچاس سے زائد نمازی شہید اور نوے دیگر زخمی ہوگئے- قندوز میں طالبان انتظامیہ کے ڈپٹی پولیس چیف دوست محمد نے بتایا کہ جس وقت مسجد میں دھماکہ ہوا اس وقت تقریبا تین سو نمازی مسجد میں موجود تھے اور بیشتر نمازی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد قندوز میں یہ پہلا دہشت گردانہ حملہ ہے اس سے قبل تین اکتوبر کو بھی کابل میں عید گاہ کے قریب دہشت گردانہ بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے - اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری خونخوار دہشت گرد گروہ داعش قبول کیا کرتاہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے قندوز دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی خواہ وہ کسی بھی شکل میں ایران اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے- ترجمان وزارت خارجہ نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد شفایابی کی دعا کی ہے۔